خاتم النبیین محمد مصطفیﷺ پر ایمان استحکام کی بنیاد ہے، علامہ ثاقب شامی

15 اکتوبر ، 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) جشن میلاد النبیﷺ کے حوالے سے گریٹر مانچسٹر میں مرکزی جلوس پیر ثاقب اقبال شامی کی قیادت میں نکالا گیا،جلوس دارالعلوم گھمگھول شریف مرکزی جامع مسجد نماز ظہر کے بعد قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر ،ویمزلو روڈ،ڈیکنسن روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک پر اختتام پذیر ہوا ،جلوس میں شیڈو وزیر انصاف محمد افضل خان،سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن،کونسلر رب نواز اکبر،علامہ وقار بیگ قادری،علامہ عبدالغفور چشتی،کونسلر احمد علی،مفتی فضل قیوم سبحانی،وکٹوریہ پارک مرکزی جامع مسجد کے صدر سالیسٹر حامد خان،نوازش مرزا،راجہ سجاد حسین، مشتاق زیدی ،حاجی قدید چوہان،قاری جاوید اختر چشتی، علامہ خورشید قصوری،علامہ اعجاز چشتی،حافظ اسعمیل چشتی،قاری نثار احمد،حافظ فاروق،عثمان عبید،حافظ زبیر چشتی،اورنگزیب چشتی،قاری غلام مصطفیٰ ،حافظ ازیب طیب،حافظ معین چشتی،کے علاؤہ عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔عاشقان رسول نے ہاتھوں میں سبز پرچم تھامے رکھے تھے اور وہ ذکررسولﷺ،لبیک یارسول اللہ کے نعرے بلند کرتے ہوئے چلتے رہے، جلوس کے راستے میں لوگوں نے مشروبات ،کھانے کے اسٹال لگائے گئے تھے،جلوس میں سیکورٹی کیلئے گریٹر مانچسٹر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی،دو برٹش پاکستانی نوجوان قومی ملبوسات پر گھوڑے پر سوار تھے جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے،مانچسٹر کی 12 مساجد کی کمیٹیوں کے ارکان بھی جلوس میں شامل تھے۔ممتاز مفکر و نوجوان مسلم اسکالر علامہ پیر ثاقب شامی نے مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک میں جشن میلادالنبیﷺ کی روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی بقا اسوۂ رسول کی پیروی میں ہے۔خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کی رسالت پر ایمان اور آپﷺ کی ذات اقدس سے لازوال محبت وکامل اطاعت ہمارے دینی تشخص، اجتماعی بقا اور مِلی استحکام کی بنیاد ہے،آپﷺ کی ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین ہمارے ایمان کا ناگزیر جزو اور مسلمانوں کے ایمان کا لازمی حصہ ہے میلادالنبی ﷺ پوری امت کیلئے مبارک دن ہے۔ شیڈو وزیر انصاف محمد افضل خان نے کہا کہ نبی کریمﷺ تمام انبیاء کے سردار اور فخر انسانیت ہیں،اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا ،نبی اکرمﷺ نے جو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا وہ پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں رسولِ خداﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اچھے انسان بننا ہیں۔ وکٹوریہ پارک مرکزی جامع مسجد کے صدر سالیسٹر حامد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوس میں شریک نوجوانوں مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے جلوس کو پرامن بنایااور شامل ہوئے، مسجد میں لنگر کا انتظام بھی کیا گیا تھا، مرکزی جامع مسجد میں پیر ثاقب اقبال شامی نے امت محمدیہ،باالخصوص پاکستان میں سیلاب متاثرین کےلئے دعا فرمائی۔