نبی کریمﷺ کی ذات اقدس رحمت اور سرچشمہ ہدایت ہے، علمائے کرام

15 اکتوبر ، 2022

برمنگھم(ابرار مغل )نبی کریمﷺ کی ذات اقدس پوری بنی نوح انسانیت کے لیے رحمت اور سرچشمہ ہدایت ہے آپ ﷺکی تعلیمات اور سیرت پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامع قادریہ ٹرسٹ برمنگھم میں دربار عالیہ بھیرہ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری کی صدارت میں منعقدہ سالانہ جشن میلاد النبیﷺ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کیا ۔نبی کریمﷺ کی ولادت بسعادت کے سلسلے میں منعقدہ اس سالانہ جلسے سے پیر سید بلال شاہ آف انڈیا ،قاری جاوید اقبال ،حافظ رمضان رضا، الحاج محمد رمضان دباغ اور مختلف مقامی علمائےکرام ،مشائخ نے خصوصی خطاب کیا جب کہ بارگاہ رسالتﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت قاری شاہد نے حاصل کی۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے کہا کہ برطانیہ میں آج ہر گھر اور مسجد میں میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل ہو رہی ہیں، نبی کریمﷺ کا ذکر بلند ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا ناتہ مساجد سے جوڑ کر ان کی تعلیم و تربیت کرنے کی ضرورت ہے ۔ دیگر علمائے کرام نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پیارے نبیﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار اور طرز عمل درست کرنا چاہئے۔ آمد مصطفیٰﷺ کا مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود اور بنی نوح انسان کے لیے رشد و ہدایت ہے ،ہمیں نبی کریمﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر چلتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت کے فروغ کو یقینی بنانا ہوگا ۔اس موقع پر قادریہ ٹرسٹ کے زیر انتظام نئے پروجیکٹ اسلام سنٹر آف بریٹن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی جب کہ مالی مدد اور عطیات کی بھی اپیل کی گئی ۔ آخر میں دعا کروائی گئی۔