خاران، مسجد میں فائرنگ، سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی جاںبحق، رشتہ دار زخمی،گورنر اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے مذ مت

15 اکتوبر ، 2022

خاران/کوئٹہ (نامہ نگار/ خ ن) بلوچستان اور وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے ، ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نزیر احمد کرد کے مطابق سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، اور سابق چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ محمد نور مسکان زئی خاران شہر میں اپنی رہائش گاہ کے قریب والی مسجد میں عشاء کی نماز ادا کررہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے محمد نور مسکان زئی اور ان کے رشتہ دار حاجی ممتاز احمد ایجباڑی زخمی ہوگئے، انھیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال خاران منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال عملے نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ محمد نور مسکان زئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محبوب بلوچ کے مطابق سابق چیف جسٹس کو چار گولیاں لگی تھیں، سابق چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی پر حملے کی خبر سنتے ہی سول وعسکری حکام سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔ محمد نور مسکان زئی کا تعلق بلوچستان کے علاقے ضلع خاران سے ہے وہ ممتاز اسکالر ومصنف ڈاکٹر علامہ محمد قاسم عینی بلوچ کے صاحب زادے تھے محمد نور مسکان زئی بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے ریٹائرمنٹ کے بعد میں فیڈرل شریعت کورٹ اسلام آباد کے چیف جسٹس رہے مدت ختم ہونے پر فیڈرل شریعت کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے سے بھی ریٹائر ہوئے ۔ قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد خان جمالی نے خاران میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکان زئی کے جاں بحق ہونے پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوۓ اس واقے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے ۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرماۓ اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کا حو صلہ عطا کرے۔ درایں اثناء وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اپنے بیان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مزمت کرتے ہوۓ سابق چیف جسٹس کی شہادت کو بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرماۓ اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کا حو صلہ عطا کرے۔سابق چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی کی نماز جنازہ ہفتے کو صبح 11 بجے شہید نواب اکبر خان بگٹی فٹبال اسٹیڈیم خاران میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین خاران میں ان کے آبائی گاؤں مسکان قلات میں ہوگی ،فاتحہ خوانی خاران ٹاؤن میں مسکان زئی ہاؤس خاران میں ہوگی۔