یوسف مستی خان بہادری اور مستقل مزاجی کی علامت تھے، ڈاکٹر مالک

15 اکتوبر ، 2022

کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ یوسف مستی خان ایک بے خوف بہادر و مسلسل جدوجہد اور مستقل مزاجی کی علامت تھے انہوں نے محکوم و مظلوم طبقات اور قومی کے سیاسی و قومی حقوق کے حصول میں گراں قدر خدمات انجام دیں نیشنل پارٹی ان کی قومی و سیاسی جدوجہد پر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 15 اکتوبر کو سہ پہر تین بجے پریس کلب کوئٹہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کررہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ترقی پسند و بزرگ سیاستدان میر یوسف مستی خان کی قومی حقوق اور طبقاتی جدوجہد میں نمایاں کردار رہا ہے۔انہوں نے بلوچ قومی سیاسی جدوجہد اور ملک کے مظلوم طبقات کے سیاسی عمل میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی و قومی خدمات کو ہر سطح پر یاد کیا جائے گا۔ نیشنل پارٹی سیاسی قومی جماعت ہے اور حقیقی سیاسی رہنماؤں و تحریک میں عملی کرادر ادا کرنے والے قومی و سیاسی کرداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ سیاست میں میر یوسف عزیز مگسی میر عبدالعزیز کرد میر غوث بخش بزنجو میر یوسف مستی خان گل خان نصیر نے سمیت دیگر اکابرین نے قومی فکر و شعور کو بیدار کیا۔ان سیاسی اکابرین نے اپنے کردار عمل فکری و نظریاتی جدوجہد سے قومی تحریک کو مستحکم کیا۔میر غوث بخش بزنجو کی سیاسی بصیرت و دوراندیشی خطے کی سیاست میں نمایاں تھے۔میر یوسف مستی خان بھی بابا بزنجو کی رفیق و سیاسی کاروان کا حصہ تھے۔سیاست میں خوش قسمتی ان کی ہے جنھوں نے میر غوث بخش بزنجو کی سیاست کے ساتھ ملکر ملک جمہوریت کے قیام میں اپنا سیاسی کردار ادا کیا۔