بلوچستان میں ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری

15 اکتوبر ، 2022

کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ممکنہ دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر پولیس نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کوئٹہ کے دفتر سے جاری مبینہ تھریٹ الرٹ کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں حملوں کی دھمکی دی گئی ہے، تاہم ٹارگٹ کنفرم نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق ضلع ژوب ، قلعہ سیف اللہ ، زیارت اور لورالائی میں ممکنہ دہشت گردی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے نمنٹے کیلئے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو چوکس اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔مراسلے میں متعلقہ اضلاع اور شعبوں کے پولیس سربراہان کو سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔