قائمہ کمیٹی کا وزیر داخلہ کی عدم حاضری پر سخت برہمی کاا ظہار

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد (خبرایجنسی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی عدم حاضری پر سخت برہمی کاا ظہار کیا ہے ۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کا چیئرمین احمد حسین ڈہر کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں رکن کمیٹی آغا رفیع اللہ وزیر داخلہ راناثناء اللہ کی غیر حاضری پر برہم ہوگئے اور کہاکہ وزیر داخلہ کہاں ہیں؟۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ وزیر داخلہ نے مجھے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں مصروف ہیں، رکن کمیٹی نے کہاکہ اگر وزیر داخلہ ہمیں اہمیت نہیں دیتے تو پھر وزرات والے کیسے دیں گے؟۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ وزیر داخلہ اگلے اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں گے۔ایف آئی اے نے سائبر کرائم ونگ سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ سائبر کرائم سے متعلق 15سرکل اور6زون بنائے گئے ہیں،سائبر کرائم کو گزشتہ سال ایک لاکھ تک درخواستیں موصول ہوئیں، گزشتہ برس سائبر کرائم میں 1167افراد کی بھرتی کرنی تھی مگر کفایت شعاری کی وجہ سے نہ ہوسکا، چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ تین ماہ میں بھرتی کا عمل مکمل کریں یا پھر سائبر ونگ بند کردیں۔ رکن کمیٹی آغا رفیع اللہ نے کہاکہ اگر ڈی جی ایف آئی اے پاور فل ہو تو وزیراعظم کو جواب دے سکتاہے، ایسا ماضی میں نہیں ہوا۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی میں گارنٹی دیتاہوں کہ وہ بلاکر ڈی جی ایف آئی اے کو کسی کام سے نہیں روکتے،داخلہ کمیٹی نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کادورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔