پاکستان نےایونٹ جیت لیا،نیوزی لینڈ کو ہوم گرائونڈ پر شکست

15 اکتوبر ، 2022

کراچی(نمائندہ جنگ) ناکامیوں اور مشکلات سے دوچار پاکستانی کر کٹ ٹیم نے جمعے کو سہ فریقی کر کٹ ٹور نامنٹ جیت کر اس ماہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی، اس میچ میں پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پچھلی ناکامیوں کو دھونے کی بھر پور کوشش کی،تاہم شان مسعود اور آصف علی متاثر کن بیٹنگ میں ناکام رہے،پاکستان نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو اس کی سر زمین پر پانچ وکٹ کی ہزیمت سے دوچار کردیا، بنگلہ دیش کے خلاف آخری گروپ میچ کے بعد فائنل میں بھی محمد نواز نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار دا کیا،انہوں نے ایک وکٹ بھی لی اور مشکل وقت میں22 گیندوں پر 38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، انہیں میں آف دی میچ قرار دیا گیا، نیوزی لینڈ کے اسپنر مائیکل بریس ویل پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔جمعے کو کرائسٹ چرچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ نے سات وکٹ پر163رنز بنائے،میچ کے آغاز میں ہی کیوی اوپنر فن ایلن کو نسیم شاہ نے صرف 12 رنز پر پویلین پہنچادیا ، پانچویں اوور میں ڈیوڈ کونوے 14 رنز پر فاسٹ بولر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد نواز 97 کے مجموعی اسکور پر گلین فلپس کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے، شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن کے رنز کو 59 تک محدود کیا ۔فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 19ویں اوور میں پاکستان کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیپمن کی وکٹ حاصل کی، مارک چیمپن 25 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد اگلی ہی گیند پر و محمد رضوان نے جمی نیشم کو 17 رنز پر رن آؤٹ کیا اور میچ کے آخری اوور میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور میں اش سوڈھی کی وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اورحارث رؤف نےبالترتیب 38اور22رنز کے عوض دو، دو وکٹ لئے جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے30اور33رنز دے کر ایک ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،محمد وسیم نےچار اوور میں37رنز دئیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے،جوابی اننگز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا لیکن میچ کے پانچویں اوور میں بابر اعظم کیوی بولر بریس ویل کی گیند پر 15 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی دوسری وکٹ 11 اوورز میں گری جب شان مسعود کو بریس ویل نے صرف 19 رنز پر پویلین بھیج دیا۔جس کے بعد محمد رضوان 29 گیندوں پر 34 رنز بناکر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بعد ازاں مڈل آرڈر بیٹسمین حیدر علی اور محمد نواز نے دبائو توڑتے ہوئے مزاحمتی اننگز کھیلی اور قومی ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا ، حید علی نے 15 گیندوں پر 31 رنز بنائے ، جارح مزاج بیٹر آصف علی بھی 2 گیندوں پر ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز 22 گیندوں پر 38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ افتخار احمد نے بھی 14 گیندوں پر 25 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔