سینیٹ‘PTIارکان کا اعظم سواتی کی رہائی کا مطالبہ

15 اکتوبر ، 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘جنگ نیوز)سینیٹ میں تحریک انصاف کے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اورچیئرمین کےڈائس کا گھیرائو کرتے ہوئے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرو کے نعرے لگائے‘ارکان نے اعظم سواتی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا‘پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کیا ہی تھا کہ مسلم لیگ ن کے سینئر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کردی، ڈپٹی چیئرمین کورم پورا کرنے لے پانچ منٹ گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کردی، کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی چیئرمین نے اجلاس کی کارروائی پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کردی‘اپوزیشن نے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کا مطالبہ کرتےہوئے سینیٹ سیکریٹریٹ میں درخواست جمع کرا دی ۔اجلاس ختم ہونے کے بعد قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز پارلیمانی راہداریوں میں احتجاج کرتے اور نعرے لگاتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی کے چیمبر پہنچے اور اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔پی ٹی آئی اے سینیٹر اعجاز چوہدری نے ڈپٹی چیئرمین کو بتایا کہ اعظم سواتی نے پیغام بھیجا ہے کہ جو ان کے ساتھ ہوا بہتر ہے انہیں گولی مار دی جاتی۔بعد ازاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے شہزاد وسیم کی قیادت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن اس وقت آئین کی پاسداری کہاں ہے؟۔ پی ٹی آئی سینیٹرز نے حکومتی رکن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پارلیمان سے تو راہِ فرار اختیار کی ہے لیکن کب تک ایسا کرتی رہے گی؟ ’ہم سوال کرتے رہیں گے اور حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔