طوفانی بارشوں اور سیلاب سے کیسکو کو 1ارب 35 کروڑ سے زائد کا نقصان

15 اکتوبر ، 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سےکیسکوکے انفراسٹرکچر کو تقریباًایک ارب 35کروڑ روپے کانقصان پہنچاہے،صوبہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کے ٹاورز کے علاوہ مختلف علاقوں میں اب تک بجلی کے 3400ایچ ٹی جبکہ 481ایل ٹی پول گرنے کے ساتھ ساتھ دیگر برقی آلات کو بھی نقصان ہوا، اس حوالے سے کیسکو ذرائع کاکہنا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اورسیلاب کی وجہ سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے برقی انفراسٹکچر کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ صوبہ بھرمیں 9ستمبر2022 تک طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سےکیسکوکے انفراسٹرکچر کو تقریباًایک ارب 35کروڑ روپے کانقصان پہنچاہے۔ صوبہ کے مختلف علاقوں میں 132/66Kvکے ٹاورز کے علاوہ مختلف علاقوں میں اب تک بجلی کے 3400ایچ ٹی جبکہ 481ایل ٹی پول گرنے کے ساتھ ساتھ دیگر برقی آلات کو بھی نقصان پہنچاہے۔علاوہ ازیں گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) میں ہونے والے نقصانات جن میں گرڈاسٹیشنز،دفاتر اور کالونیوں کو بھی نقصان پہنچاہے اور ان تمام نقصانات کااندازہ تقریباً ایک ارب35کروڑ روپے تک پہنچ چکاہے۔ کیسکو ذرائع کاکہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد بولان کے علاقے میں 132kVٹاورز گر گئے جسکے بعدکیسکو کا شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) کے انجینئرز اور سٹاف نے مزید صورتحال کا جائزہ لینے کے لیئے28 اگست یعنی اتوار کو صبح سویرے بولان کے علاقہ بی بی نانی پل سے لیکر ڈھادر تک تقریبا 25 کلو میٹر تک پیٹرولنگ شروع کیجسکے بعد مذکورہ علاقہ میں پانی کے دباو میں کمی کے بعد جی ایس او اور جی ایس سی نے ٹاوروں کی مرمت و بحالی کے سلسلے میں سامان کی منتقلی کا عمل شروع کرکے مرمت و بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کر کے کم وقت میں بجلی بحال کر دی ۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں سامان کی منتقلی ایک بڑا چیلنج تھا جس سے نمٹنے کے لیئے کیسکوکے انجینئرز و سٹاف نے دن رات کام کر کر کے ریکارڈ مدت میں پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے132kv کے گرے ہوئے 3 ٹاور ز کی مرمت و بحا لی کا کام2 ستمبر کو مکمل کر لیا۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو کم سے کم وقت میں بجلی کی بحالی بھی ایک مثالی کارنامہ ہے جبکہ 132Kvٹی پی ایس۔ یارو سیکشن اور 66KVسورینج سیکشن کے متاثرہ ٹاوروں پر بھی مرمت وبحالی کاکام بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا گیا۔