حق دو تحریک کوئٹہ نےصوبائی حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا

15 اکتوبر ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین حق دو تحریک کوئٹہ بشیر خان باکسر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو 31 نکاتی مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگران مطالبات پر 7 دن کے اندر عمل نہ کیا گیا تو بھرپور تحریک کا آغاز کریں گے ،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حق دو تحریک کی بنیاد رکھی گئی ہے ، انہوں نے حکومت کو 31 مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو آبادی کے تناسب سے ملازمتوں میں حصہ ، شہر کی ترقی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں بڑے منصوبوں کا اعلان ، بادینی پاک افغان بارڈر ، کاکڑ خراسان پاک افغان بارڈر اور توبہ کاکڑی پاک افغان بارڈر پر تجارتی پوائنٹ کھولنے ، سریاب ، مشرقی و مغربی بائی پاس ، پشون آبادم ، نواں کلی ، خروٹ آباد کے بارشوں سے متاثرہ عوام کو امداد فراہم ، جعلی ڈومیسائل منسوخ و جعلی ڈومیسائل پر ملازمتوں پر تعینات افراد کیخلاف کارروائی ، شہر کے غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال ، فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ پشین تا کوئٹہ اور کوئٹہ تا مستونگ روٹس پر میٹرو بس چلائی جائے ، تھانہ روڈ پر قائم اسپتال کو فعال کیا جائے ، اسلام آباد کیلئے چلنے والی فلائٹس میں اضافہ کیا جائے ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے ، وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں اسپرے مہم شروع ، محکمہ صحت متاثر شہریوں کا علاج و معالجہ سمیت انہیں ادویات فراہم کرے ، کوئٹہ سے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ملنے والے فنڈز کی تحقیقات کرائی جائے۔