ٹریفک کی بہتری کیلئے مشترکہ کوششیں نا گزیر ہیں ‘محمد جاوید ملک

15 اکتوبر ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس پی ٹریفک سٹی سرکل محمد جاوید ملک نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ہیوی ٹرانسپورٹ خاص طور پر مختلف مارکیٹس اور دکانوں میں سامان فراہم کرنے والی گاڑیاں اور سوذوکی پک اپس کیلئے اوقات کار متعین کر دئیے ہیں جن کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ان کا کہنا تھا کہ صبح ساڑھے نو بجے سے د وپہر 12بجے اور سہ پہر ساڑھے تین بجے سے شام 5بجے تک یہ گاڑیاں شہر میں داخل ہو سکیں گی اور ان اوقات کے بعد ٹریفک پولیس سخت کارروائی کریگی ۔ایس پی ٹریفک نے مزید کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔لیکن تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہم سے تعاون کرنا ہوگا کیونکہ مشترکہ کوششوں سے ہی شہر میں ٹریفک کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے۔