کراچی سے ایتھوپین ایئر لائن آپریٹ کرے گی

29 اکتوبر ، 2022

کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 18 برس بعد ایتھوپین ایئر لائن کو کراچی سےعدیس ابابا کیلئے پروازیں شروع کرنے کی اجازت دیتے ہوئے تنبیہ جاری کی ہے کہ ایئرپورٹ پر جانے والے مسافروں پر سخت نظر رکھی جائے۔ ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر محمد بلال کے دستخط سے جاری کردہ مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 2004 سے معطل روٹ کراچی عدیس ابابا پر ایتھوپین ائیر لائن کو ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس حوالے سے ایتھوپیا کی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے آن ارائیول ویزہ کی سہولت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو دو برس قبل معطل کر دیا گیا تھا جس کی وجہ پاکستانی مسافروں کی جانب سے ایتھوپیا جعلی پرفیوم اور موبائل لے جا کر فروخت کرنا تھا۔ اس حوالے سے کئی پاکستانی گرفتار اور پھر بے دخل کیے گئے۔ ایتھوپیا میں تعنیات پاکستانی سفیر نے ہدایت دی ہے کہ تمام پاکستانی مسافر جو ایتھوپیا سفر کر رہے ہوں ان پر کڑی نظر رکھی جائے اور سخت جانچ پڑتال کی جائے۔