توشہ خانہ، معاملہ مزید سنگین، فرح گوگی نے مئی 2019 میں ٹیکس ایمنسٹی سے 33 کروڑ کا فائدہ اٹھایا،FBR ریکارڈ، اپریل میں 28 کروڑ روپے کے تحائف بیچنے کا الزام

17 نومبر ، 2022

لاہور(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)توشہ خانہ کا معاملہ مزیدسنگین ہوگیا ۔عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپریل 2019 میں تقریباً 28 کروڑ روپے کے تحائف بیچے‘ایف بی آرکے ریکارڈ کے مطابق ایک مہینے بعدفرح گوگی نے مئی 2019میں شروع ہوئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے تقریباً 33کروڑ روپے کا فائدہ اٹھایا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناہے کہ توشہ خانہ کی گھڑی اسلام آبادمیں فروخت کی گئی تھی جس کا ثبوت موجود ہے‘ جو تحفے بیچے گئے اس کی رسیدیں توشہ خانے میں پڑی ہیں‘سارا ریکارڈ موجودہے ‘عمر فاروق کے الزامات فراڈہیں ‘ زرداری ‘ نوازاورگیلانی توشہ خانے کی گاڑیاں لے گئے ‘ کوئی ان کا معاملہ کیوں نہیں اٹھاتا ؟ ۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان نے اپریل 2019میں تقریباً 28کروڑ روپے کے تحائف بیچے، پھر ایک مہینے بعد مئی 2019میں شروع ہوئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے تقریباً 33کروڑ روپے کا فائدہ اٹھایا۔