مقبوضہ کشمیر میں دو متنازع ڈیموں کی تعمیر کیخلاف پاکستان کی درخواست سماعت کیلئے منظور

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد(کے پی آئی) عالمی بینک مقبوضہ کشمیر میں دو متنازعہ ڈیموں کی تعمیر پر پاکستان کی شکایت کی سماعت کرے گا اس سلسلے میں عالمی مصالحتی عدالت کے چیرمین اور نیوٹرل ماہر کی تعیناتی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ کشن گنگا اورریٹلی ہائیڈروالیکٹرک پاور پلانٹ کے منصوبوں کے تکنیکی نقشے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی ہونے یا نہ ہونے کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات ہیں جس کی وجہ سے عالمی بینک نے پاکستانی اعتراض کو سماعت کیلئے قبول کر لیا ہے۔قبل ازاں 21 نومبر کو واشنگٹن میں عالمی بینک نے نیوٹرل ماہرین اور عالمی مصالحتی عدالت کے چیئرمین کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کی، ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اکتوبر میں عالمی بینک کی جانب سے دو تعیناتیاں کی گئی تھیں جن میں مائکل لینو کو نیوٹرل ماہر تعینات کیا گیا اور پروفیسر سین مرفی کو عالمی مصالحتی عدالت کا چیئرمین تعینات کیا گیا۔