سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کاFBRکے ٹیکس گزاروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گزاروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس بھی لیا ہے ۔ کمیٹی کو کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں 229ارب سے زائد کے 13296ٹیکس مقدمات زیرالتوا ہیں جبکہ ان لینڈ ریونیو کے حوالے سے 2384ارب روپے 75ہزار سے زائد مقدمات زیرالتواء ہیں، بلوچستان میں کسٹم کے ڈیلی ویجز ملازمین کے بدنام زمانہ اسمگلرز سے رابطوں پر ان کو برطرف کیا گیا یہ اہلکار گاڑیوں کو روک بھی ان سے سامان اتار لیتے تھے، کمیٹی نے ایف بی آر کے ایک اہم افسر کی جانب سے مسلم لیگ(ن) کے سینیٹرافنان اللہ کوہراساں کرنے کا معاملہ قائمہ کمیٹی استحقاق کے سپردکرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تما م ٹیکس سرکلز میں افسران و اہلکاروں سے تمام شکایات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں ۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں پارلیمینٹ ہاؤس میں ہوا۔کمیٹی نے وینٹج کار کے خریداروں کو ایف بی آر کی جانب سے نشانہ بنانے پر اظہارتشویش کیا گیا ہے ۔ وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ متعلقہ سمری کو کابینہ نے مستردکردیا تھا ارکان نے تجویز دی کہ جس وقت کاریں درآمد کی جارہی تھیں اس وقت اجازت تھی ۔وزیرمملکت نے کہا کہ کمیٹی اس معاملے پر تجاویز پیش کرے دوبارہ یہ معاملہ کابینہ میں لے کر جائیں گے۔