صدرکیلئے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا ضروری ہے، فواد حسن فواد

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزرائے اعظم میاں د نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کی سمری شیڈول پانچ بی کے تحت بھیجی جاتی ہے، وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت فیصلہ کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ایڈوائس اور صدر مملکت کا جو طریقہ کار ہے اس کو آئین کاآرٹیکل 48ڈیل کرتا ہے اور وہ یہ کہتا ہے کہ وزیر اعظم ، صدر مملکت کو جو ایڈوائس کا کیس بھیجے گا اس پر ان کے لئے عمل کرنا لازم ہے۔ یہ مشاورت والا نہیں ، آئین کے آرٹیکل 243کو آئین کے آرٹیکل 48کے ساتھ ملا کر پڑھیں گے تو وزیر اعظم بھی ایڈوائس کریں گے وہ بائنڈنگ ہے ، تاہم صدر کا اختیار بائنڈنگ کیسز میں بھی ہے کہ وہ کسی چیز کو دوبارہ نظرثانی کے لئے کہہ سکتے ہیں اور سپریم کورٹ کے مصطفیٰ امپیکس کیس کے فیصلہ میں بے شمار جگہ یہ آیا ہے کہ وزیراعظم سے مطلب کابینہ ہے ، وفاقی کابینہ ہے، اس پر میرانقطہ نظر مختلف ہے لیکن اس وقت سپریم کورٹ کا وہ فیصلہ فیلڈ میں ہے۔ وزیر اعظم کی ایڈوائس بائنڈنگ ہے اور وہ جانی صدر مملکت کے پاس ہے ، صدر مملکت ایک مرتبہ دوبارہ نظرثانی کے لئے بھیج سکتے ہیں اوراگر دوبارہ وزیر اعظم ا س کو بھیج دیں گے تو دوبارہ صدر مملکت 10دن کے اندر، اندر فیصلہ نہیں بھی کریں گے تووہ خود بخود منظور ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت ، وزیر اعظم ، کابینہ یا کسی وزیر کے پاس کوئی بھی کیس جانے کا ایک طریقہ کار طے ہوتا ہے ، یہ طریقہ کار نہ توآئین طے کرتا ہے اور نہ ہی کسی علیحدہ قانون میں لکھا ہے لیکن جو ہمارے رولز آف بزنس ہیں اس میں یہ واضح طور پردرج کیا گیا ہے کہ اگرآپ نے کسی خاص کیس کی کسی خاص اتھارٹی سے منظوری لینی ہے تواس کا طریقہ کارکیا ہو گا۔