سرنڈر روسی فوجیوں کو گولی مارنےکے الزام پر تحقیقات ہونی چاہیے، اقوام متحدہ

24 نومبر ، 2022

اقوام متحدہ(اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج کی جانب سے ہتھیارڈالنے والے روسی فوجیوں کو گولی مارنے کے واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے ۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ یہ وہ واقعہ ہے جس کو دیکھنے اوراس کی چھان بین کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بارے فکر مند کہ اس کا ارتکاب کون کر رہا ہے۔سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی ترقی کے بارے میں روسی صدارتی کونسل کے سربراہ ویلری فادییف کے مطابق یہ واقعہ ایل پی آر کے گائوں ماکیوکا میں پیش آیا۔ انہوں نے اس واقعہ کوانسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا جس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس جرم کے ثبوت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر، او ایس سی ای، کونسل آف یورپ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔