بھارت سے 100کے قریب ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

24 نومبر ، 2022

لاہور(پی پی آ ئی)شیو اوتاری ستگرو سنت سوامی شادارام صاحب کے314ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے گزشتہ روز بھارت سے 97ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس اور مقامی ہندو رہنما کشن شرما نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وہ سخت سیکورٹی میں سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شادانی دربار، حیات پتافی، میرپور ماتھیلو تعلقہ کے لیے روانہ ہوئے۔لاہورآمد پر گروپ لیڈر یودھیسٹر لال نے حکومت، متروکہ وقف املاک بورڈ اور دیگر محکموں کی طرف سے یاتریوں کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔