ہائبرڈ بیجوں کی تیاری پرپاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے، چینی قونصل جنرل

24 نومبر ، 2022

لاہور (اے پی پی):چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے کہا ہے کہ بمپر پیداوار والے چاول کے ہائبرڈ بیج کی بہترین کوالٹی کی مزید نئی اقسام تیار کرنے کے لیے چین پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نےبدھ کو گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ ترجمان کے مطابق دورے کے دوران چینی قونصل جنرل نے ادارے کے سی ای او اور چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن شہزاد علی ملک اور سینئر ایگزیکٹو مومن علی ملک سے ملاقات کی اور زرعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید سائنسی خطوط پر تحقیق کے مزید مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زرعی میدان میں چین کے نجی شعبے کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کو اس بات پر فخر ہے کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز نے چین کے ادارے لونگپنگ ہائی ٹیک انڈسٹریز کے اشتراک سے پہلی مرتبہ چاول کے ہائبرڈ بیج تیار کیے ہیں۔ اس موقع پر گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے سی ای اونے کہا کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز پاکستان میں ہائبرڈ موٹے چاول کے بیج کو متعارف کرانے میں پیش پیش ہے جس نے ایک نیا ایکسٹرا لانگ گرین سپر ہائبرڈ بیج تیار کیا ہے جو زیادہ گرمی برداشت کر سکتا ہے،جس کی فی ایکڑ پیداوار عام بیج کے مقابلے میں دگنا ہے اور یہ پکانے کے بعد دوگنا لمبا ہو جاتا ہے۔