شفافیت یقینی بنانےکیلئےوزارت منصوبہ بندی کا گورننس انوویشن لیب قیام کا فیصلہ

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)ملک میں گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وزارت منصوبہ بندی ترقی نے گورننس انوویشن لیب (جی آئی ایل) کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، بدھ کو وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام گڈ گورننس اور شفافیت پر گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومتی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے یہ لیب انتہائی اہمیت کی حامل ہو گی ،گورننس انوویشن لیب کے کلیدی مقاصد شفافیت، نچلی سطح تک ثمرات پہنچانے والی حکومت ہے،وفاقی وزیر نے شہریوں اور حکومت کے درمیان خلیج کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہمیں گورننس کیلئے جدید حل کو یقینی بنانے اور کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ کرنے کی ضرورت ہے، 10 سال کے طویل المدتی منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ملک میں سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے جس کے بغیر ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتے اسلئے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے رپورٹ کیا کہ پاکستان میں 2013-17 تک کرپشن میں کمی آئی ہے اور 2018-22 میں عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان میں کرپشن کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، کانفرنس کے شرکاء نے ریاست اور شہریوں کے درمیان خلا کو پر کرنے کیلئےای گورننس اور ڈیٹا تک رسائی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ،وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ گورننس میں شفافیت اور متعلقہ اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے گورننس انوویشن لیب قائم کی جارہی ہے ،وفاقی ترقیاتی بجٹ میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کی جائیگی ۔