پنجاب متاثرین سیلاب میں 12 ارب سے زائد کی خطیر رقم کی تقسیم جاری

24 نومبر ، 2022

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مالی امداد کیلئے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان کے مطابق سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم بذریعہ بینک آف پنجاب کی جا رہی ہے۔ڈی جی خان اور راجن پور میں بینک آف پنجاب کی 24 برانچز سیلاب متاثرین میں رقوم تقسیم کر رہی ہیں جہاں خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔مالی امداد وصول کرنے والے افراد کا بائیو میٹرک ڈیٹا اور ویڈیوز ریکارڈ بھی لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد میں کئی گنا اضافہ کیا ہے،سیلاب زدگان کو مالی امداد کے لیے 12 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔پکے گھر گرنے پر 04 لاکھ ،کچے گھر پر 2 لاکھ ،پکے گھر کے جزوی نقصان پر 2 لاکھ ،کچے گھر کے جزوی نقصان پر 50 ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔مویشیوں اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جا رہا ہے۔سیلاب سے معذور اور زخمی ہونے والے افراد میں بھی مالی امداد کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، پلوں اور نہروں کی تعمیر و مرمت پر بھی کام جاری ہے۔