لاپتہ بلوچ کمیشن جامع رپورٹ کی تیاری میں مخلصانہ کوشش کریگا‘اخترمینگل

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد(پ ر) بی این پی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل کی زیرصدارت بلوچ طلباء کی شکایات کی تحقیقات کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں بنائے گئے کمیشن کا آٹھواں اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا،کمیشن کے سیکرٹری نے آنے والے دنوں میں عدالت میں پیش کی جانے والی رپورٹ کی تالیف کے سلسلے میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے ارکان کو آگاہ کیا۔ارکان نے حالیہ دورہ کوئٹہ کے دوران مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی روشنی میں مسودہ رپورٹ کے مواد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ارکان کا متفقہ خیال تھا کہ رپورٹ کا حصہ بنائے جانے والے نتائج کو زمینی حقائق کے مطابق تفصیلی تجزیاتی بیانیہ کی عکاسی کرنی چاہئے جبکہ اس طرح کی سفارشات کو وفاقی و صوبائی حکومتوں، سیکورٹی ایجنسیوںاور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے سنجیدہ اقدام کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، سردار اختر مینگل نے اس بات پر زور دیا کہ سیکورٹی ایجنسیوں سمیت تمام فریقین کی آراء کو رپورٹ میں شامل کیا جائے اور فوجی نقطہ نظر سے زیادہ سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا، ریاست کو بلوچ عوام میں اعتماد بحال کرنے کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات شروع کرنے ہوں گے۔اخترمینگل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیشن ایک جامع رپورٹ تیار کرنے اور پیش کرنے کی مخلصانہ کوشش کرے گا جس میں تمام جہتوں سے مسئلہ کا احاطہ کیا جائے گا اور آگے بڑھنے کا راستہ تجویز کیا جائے گا۔کمیشن نے آئندہ اجلاس میں میڈیا اور انسانی حقوق کے نمائندوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا،ارکان آج ہونے والی بحث کی روشنی میں مسودہ رپورٹ پر مزید معلومات فراہم کریں گے۔