بلوچستان میں سیکورٹی کے سنجیدہ خطرات نہیں،وزیر اعلیٰ ،تعمیر نو اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون کرینگے،امریکی سفیر

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ایک مضبوط حصہ اور مستقبل ہے صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے اور سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کے سنجیدہ خطرات درپیش نہیں ہیں صوبے میں قومی شاہراہیں اور ترقیاتی منصوبے محفوظ ہیں اور غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے،ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے امریکی سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی اس موقع پر موجود تھے ملاقات میں بلوچستان کی ترقی میں امریکی معاونت کے فروغ،سرمایہ کاری سیلاب متاثرین کی بحالی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیاوزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اور بلوچستان ماحولیاتی تبدیلی کی زد میں ہیں ہمیں کبھی خشک سالی اور کبھی سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حالیہ سیلاب کی وجہ سے صوبے میں وسیع پیمانے پر نقصانات ہوئے جس میں ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے انہوں نے کہا کہ تعمیر نو اور بنیادی ڈھانچے کی درستگی سب سے بڑا چیلنج ہے اور حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے پرعزم ہے صوبہ کا رقبہ زیادہ آبادی کم اور منقسم ہونے سے لوگوں کو ضروریات زندگی پہنچانا مشکل ہوتا ہے گوادر کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں بلوچستان کے سمندر ی حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کا خاتمہ کیا گیا ہے لوگوں کے روزگار کے لیے بارڈر ٹریڈ میں اضافہ کیا گیا ہے اور پانی کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہے ،ریکو ڈک منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریکوڈک معاہدے پر تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے ملاقات میں پاک افغان تعلقات اور افغان مہاجرین سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغان وار کا سب سے بڑا اثر پاکستان اور بلوچستان پر پڑا ہے اور ہم طویل عرصہ سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کر رہے ہیں پاکستان افغانستان میں ٹھوس بنیادوں پر امن کے قیام کا خواہاں ہے اور ہماری خواہش ہے کہ افغان پناہ گزین جلد باعزت طور پر اپنے وطن واپس جائیں امریکی سفیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت تعمیر نو اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون فراہم کرے گی عالمی بینک اور ڈونرز ادارے سیلاب متاثرین کی بحالی زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغان مہاجرین کی معاونت کے لیے سو ملین ڈالر مختص کیے ہیں وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کے لیے امریکی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے مزید استحکام کو ناگزیر قرار دیا گیا امریکی سفیر نے وزیراعلیٰ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ جلد بلوچستان آؤں گا اور میں آپ کی دعوت اور اپنے وعدے کی تکمیل کے لئے بلوچستان آیا ہوں وزیر اعلیٰ نے امریکی سفیر کی بلوچستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں روایتی بلوچی شال پہنائی اور قالین کا تحفہ بھی پیش کیا واضح رہے کہ رواں سال اگست کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان اور امریکی سفیر کی یہ دوسری ملاقات ہے۔