سیلاب متاثرین کی بحالی میں عالمی ادارے معاونت کریں‘ گورنر بلوچستان

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ( اے پی پی )بلوچستان کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں بحالی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے بلوچستان اسمبلی کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی کی صدارت میں بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا ،جس میں سردار عبدالرحمٰن کھیتران، حاجی محمد خان لہڑی، نصیب اللہ مری، سید احسان شاہ ، انجینئر زمرک اچکزئی ، نوابزادہ گہرام بگٹی، بشریٰ رند ، اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ، ارکان اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی ، میر اکبر مینگل ، مولانا عبدالواحد صدیقی سمیت محکمہ آبپاشی محکمہ پی ڈی ایم اے ، بورڈ آف ریونیو کے سیکرٹریز اور عالمی و علاقائی این جی اوز کے نمائندوں، سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ڈائریکٹر اسمبلی محمد ہاشم کاکڑ و متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں رواں سال ہونے والی بارشیں اوسطاً گزشتہ ایک سو سال کے مقابلے میں سات سو گنا زیادہ ہوئیں جس کے نتیجے میں336افراد جاں بحق ہوئے ،ایک لاکھ پندرہ ہزار گھر مکمل منہدم جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ، پانچ لاکھ جانور ہلاک ہوئے2221 کلو میٹرسڑکیں بہہ گئیں پانچ لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور صحبت پور کے پانچ فیصد علاقے کے علاوہ تمام متاثرہ اضلاع میں جوائنٹ سروے کا کام 99فیصد مکمل ہوچکا ہے، آفات کے دوران جاں بحق ہونے والے 336 افراد کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی سو فیصد کردی گئی ،جبکہ بلوچستان حکومت نے وفاق کو تجویز دی ہے کہ منہدم اور متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیر کے لئے عوام کو مالی معاونت کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ اور ڈائریکٹر جنرل بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نصیر احمد ناصر نے تفصیلی بر یفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے حل کی تجاویز پیش کیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ بلوچستان میں رواں سال ہونے والی بارشوں اور سیلاب کی تباہی کا پیمانہ بہت بڑا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے عالمی برادری اور غیر سرکاری اداروں کی معاونت اور توجہ درکار ہے، بلوچستان میں بحالی سرگرمیوں کو موثر بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں یورپی یونین سمیت تمام اداروں کو براہ راست بلوچستان کی معاونت کرنی چاہئے کیونکہ کسی بھی توسط سے دئیے جانے والے وسائل یہاں تک نہیں پہنچتے اور متاثرین بدستور کسمپرسی کا شکار رہتے ہیں، میر جان محمد جمالی نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی حکمت عملی اور امور میں متعلقہ ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے اور تمام معاملات میں ان کی مشاورت یقینی بنائی جائے۔