پاکستان کا نظام تبدیل کرنے کا وقت آگیا‘اسدعمر

24 نومبر ، 2022

لاہو ر( این این آئی)تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں چھبیس نومبر کا دن یاد رکھا جائیگا‘ ملک کے اس نظام کو تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے‘راولپنڈی والے خوش قسمت ہیں یہ معرکہ پنڈی میں کھیلا جائے گا‘ پاکستان میں اس وقت دو مختلف راستے ہیں، ایک وہی راستہ جس پر پاکستان 75سال سے چلتا آرہا ہے، ایک ایسا راستہ جس میں پاکستان کے فیصلے باہرہوتے رہے ہیں۔حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ اب اس طرح طریقے سے پاکستان کو چلنے نہیں دینا، جہاں چوروں نے ایک ہزار ارب روپے چوری معاف کرالئے۔ پاکستان میں جمہور کے لئے فیصلے نہیں ہوتے، فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں نتیجہ یہ ہوا کہ دنیا آگے نکل گئی۔پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی اب پاکستان کی سب سے بڑی تاریخ بن گئی ہے،ایک نیا اورحقیقی طور پر آزادپاکستان بننے جارہا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے،ہم سکیورٹی کے لئے انتظامات کرنے جارہے ہیں، زندگی اورموت کے فیصلے اللہ کرتا ہے۔