نوجوان جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کریں‘ریجنل الیکشن کمشنر

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(پ ر)ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ ڈویژن نعیم احمد نے کہا ہے کہ نوجوان بالخصوص طالبات ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بنیاد ہوتی ہیں اور الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات یا کسی بھی ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی فہرستیں 7 اکتوبر کو شائع کردیں لہٰذا ہم سب کا فرض ہے کہ آج ہی اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیج کر اپنے ووٹ کے اندراج کے بارے میں معلومات حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اس اہمیت کا احساس رکھتے ہوئے انتخابی عمل میں بھر پور کردار ادا کریں۔