پنلک اکائونٹس کمیٹی کا ریکارڈ جدید سسٹم پر منتقل

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ( خ ن)پبلک اکائونٹس کمیٹی انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا گیا ۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی اختر حسین لانگو نے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب میں بلوچستان پبلک کمیٹی کے ممبران سمیت پارلیمنٹ کے اراکین، سینئر سرکاری آفسران ، اکائونٹنٹ جنرل بلوچستان ‘ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ بلوچستان، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ سیکرٹری صوبائی اسمبلی بلوچستان طاہر شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ انفار میشن سسٹم کا بنیادی مقصد پی اے سی کی مختلف سماعتوں، آڈٹ پیراز کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ رکھنا، مانیٹرنگ ، متعلقہ اداروں سے آڈت پیراز پر کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانا، ریکوری اور رپورٹنگ کے مکمل عمل کو خود کار بنانا ہے اس جدید سسٹم کے ذریعے سیکرٹریٹ کا عملہ آڈٹ پیراز کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھنے کے قابل ہو جائے گا مزید برآں یہ سسٹم مختلف رپورٹس اور سمریز تیار کرنے میں بھی مددگار ہوگا پی اے سی کا عملہ اس سسٹم کے ذریعے متعلقہ اداروں کو معلومات اور یاد دہانیاں بھیج سکیں گے۔ ایم آئی ایس کے ذریعے پی اے سی بلوچستان گزشتہ35 سال کے زیر التوا پیراز کے ریکارڈ کو بھی ڈیجٹیلائز کر سکے گا۔چیئرمین پی اے سی اختر حسین لانگو نے ورلڈ بینک گورننس پالیسی پراجیکٹ اور اکائونٹیبلٹی لیپ کو پاکستان میں پہلی بار پی اے سی مینجمنٹ انفار میشن سسٹم متعارف کروانے کیلئے مدد فراہم کر نے پر سراہا۔ انہوں نے جی پی پی کی ٹیم خاص طور پر راشد رزاق، کوآرڈینیٹر جی پی پی عبدالقادر ناصر بجار بلوچ، آئی ٹی سپیشلسٹ کا بھی اس پراجیکٹ کی کامیابی سے تکمیل پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں جن میں پی اے سی ممبران اور عملے کی صلاحیت کو مختلف ٹریننگز کے ذریعے بہتر کرنے عملی تبادلے کے پروگراموں موجودہ سسٹم میں کمزوریوں کو دور کرنے، مینجمنٹ انفار میشن سسٹم کو تیار کرنے اور عوامی آگا ہی کی مہم شروع کرنا شامل ہیں۔ تاکہ بلوچستان میں شہریوں کی مدد سے جواب دہی کو پروان چڑھایا جا سکے اور شہریوں اور اداروں کے درمیان اعتماد کی کمی جیسے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اس طرح کی تمام اصلاحات کا مقصد صوبے میں طرز حکمرانی کو بہتر کرنا اور ترقی کو فروغ دینا صوبے میں احتسابی عمل کو زیادہ موثر اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ PACIS کو پی اے سی کی ادارہ جاتی اصلاحات کے پراجیکٹ ڈیویلپ کیا گیا تھا۔ بلوچستان میں یہ منصوبہ سال2021 میں گورننس پالیسی پراجیکٹ ورلڈ بینک کی معاونت سے شروع کر کے پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا۔