تاجر برادری کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے‘اسپیشل سیکرٹری داخلہ

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(پ ر)اسپیشل سیکرٹری داخلہ صلاح الدین نورزئی سے انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم آغا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری ولی افغان اور دیگر شامل تھے وفد نے اسپیشل سیکرٹری کو کو پنجگور اور تربت میں تاجروں کو درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل انجمن تاجران پنجگورنے ہڑتال کی تھی جس پر متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی لیکن تا حال ان وعدوں پر عمل نہیں کیا جا سکا ۔جس پر اسپیشل سیکرٹری ہوم صلاح الدین نورزئی نے فوری طور ڈی سی پنجگور سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں فوری انجمن تاجران پنجگور کے صدر سے رابطہ کرنے اور تاجر برادری سمیت ایف سی ذمہ داران کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی اور باقاعدہ طور پر ایک لیٹر کمشنر مکران ڈویژن کو لکھا گیا جس میں پنجگور اور تربت میں تاجر برادری کو درپیش مشکلات و مسائل فوری حل کرنے کی تاکید کی گئی۔ اسپیشل سیکرٹری ہوم صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ تاجر برادری ہمارے لئے قابل احترام ہے تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے تاجر برادری کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔