پاکستان سے مستحکم تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں،ایرانی قونصل جنرل

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مستحکم تجارتی تعلقات چاہتا ہے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے چیمبر آف کامرس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ایران کے سفیر دورہ کوئٹہ کے دوران بلوچستان کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سے ملاقات کریں گےان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کےسینئرنائب صدر حاجی آغا گل خلجی کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی،حاجی محمد ایوب مریانی،سردار زین العابدین اور حاجی رضا خان نے راہداری گیٹ،بازارچہ و دیگر سے متعلق ایرانی قونصل جنرل سے تفصیلی گفت و شنید کی اور بتایا کہ پاک ایران دوطرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے لیے سہولیات کا سامان کیا جائے،انہوں نے بارڈر اور بارٹر ٹریڈ کے فروغ کے لئے بھی مختلف تجاویز پیش کی اور کہا کہ اس سلسلے میں قونصل جنرل ایران بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی معاونت کریں،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے وفد نے ایران کے سفیر کو دورہ بلوچستان کے موقع پر چیمبر کے دورے کی بھی دعوت دی اس موقع پر کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے وفد کے اراکین کو ایرانی قونصلیٹ آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے مابین دیرینہ اسلامی،ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں ایران پاکستان کے ساتھ مستحکم تجارتی تعلقات چاہتا ہے اس مقصد کےلئے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے مابین روابط میں کسی قسم کا رکاوٹ نہ ہو بلکہ اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہےانہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے وفد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ عنقریب ایران کے سفیر کوئٹہ کے دورے پر آئیں گے اور وہ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان آکر بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سے بھی ملیں گے ان کے اس دورے کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔