اے سی کوئٹہ سٹی کے یوٹیلٹی سٹورز پر چھاپے ‘ عملے کی سرزنش

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی عطا المنعم نے مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا ۔ ملتانی محلہ میں یوٹیلٹی سٹور میں خوردنی اشیا کی تقسیم اور صارفین کا ریکارڈ نہ رکھنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آج یوٹیلٹی اسٹور انچارج کو دفتر طلب کر لیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عطا المنعم کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر صارفین کو سبسڈی دینے کا مقصد ریلیف فراہم کرنا ہے اگر خوردنی اشیا کی تقسیم میں بے قاعدگیاں ہو نگی تو صارفین اس کے ثمرات سے محروم رہیں گے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے سائلین کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔