پروموشن کیسز میں دانستہ طور پر رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(پ ر)جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کا ایک ہنگامی اجلاس چیئرمین آفیسرز ایسوسی ایشن نذیر احمد لہڑی کی صدارت میں ہوا جس میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ایمپللائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی، گل جان کاکڑ ، اسماعیل پرکانی، سید شاہ بابر ،عبدالرشید مینگل، حافظ عبدالقیوم، حیات اللہ علیزئی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ بلوچستان کے اساتذہ ، افسران اور ملازمین کو درپیش مالی، انتظامی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ جامعہ کی ڈینز کمیٹی سے طے شدہ پوائنٹس جس میں ہاؤس ریکوزیشن کے بقایاجات، افسران اور ملازمین کی پروموشن کیسز کو جامعہ کے اعلیٰ انتطامی افسر اور دیگر حکام دانستہ طور پر التواء میں ڈال رہے ہیں ۔ اجلاس میں جامعہ کی کالونی اور اکیڈمک بلاک میں گیس پریشر کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کے وائس چانسلر اور دیگر اعلی انتظامی افسران سے اپیل کی گئی کہ وہ اس بابت ضروری اقدامات اٹھائیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس مسئلے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا نمائندہ وفد ڈینز کمیٹی سے جلد ملاقات کرے گا اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے کا نمائندہ وفد جامعہ کے زیر اہتمام تینوں ریسرچ سنٹرز کے ڈائریکٹرز اساتذہ، افسران اور ملازمین کو مکمل تنخواہ اور پینشنرز کو پینشنز کی بروقت ادائیگی اوردیگر اہم مسائل سے آگاہ کیاجائے گا۔