بدامنی اور چوری و ڈکیتی کی وارداتوںمیں اضافہ باعث تشویش ہے ،مولانا لونی

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علمائے اسلام نظریاتی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی، جنرل سیکرٹری مولانا حافظ عبدالاحد کبدانی، سینئر نائب امیر مولانا محمد حیات، نائب امیر عبدالستارچشتی ،نائب امیر مفتی رحمت اللہ خلجی اوردیگر نے کہا ہےکہ حکومتی نااہلی کے باعث بلوچستان میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی، بھتہ خوری عروج پر ہے عوام بدامنی کے باعث عدم تحفظ اور تشویش میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان مال کا تحفظ حکومت کی زمہ داری ہے بدامنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جرائم کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی، ڈاکو راج کا خاتمہ، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام، منشیات معاشرتی برائیوں کی سرکوبی کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔ قیام امن سے صوبہ ترقی کر سکتا ہے صوبے میں قیام امن کے لیے جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کا تعاون ہمیشہ ساتھ رہے گا۔انہوں نے کہاکہ قیام امن کے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں ملک میں بدامنی اور فسادات پر تیل چھڑکنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن اور جرائم کا خاتمہ معاشرے کے ہر فرد کی زمہ داری ہے جرائم کی نشاندئی میں عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور حکومت بھی اس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔