آزاد کشمیر پر قبضے کے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے تیار ہیں،بھارتی جنرل کی ہرزہ سرائی

24 نومبر ، 2022

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیرمیں تعینات بھارتی جنرل نے دعوی کیا ہے کہ یہاں تقریبا 300 عسکریت پسند موجود ہیں، انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ بھارتی فوج آزاد کشمیر پر قبضے کے لیے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف شمالی کمان، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے مقبوضہ پونچھ میں ایک تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف ہماری کارروائی جاری ہے ۔تقریبا 300 جموں و کشمیر کے طول و عرض میں موجود ہیں لیکن ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ وہ کوئی کارروائی کرنے کے قابل نہ رہیں ۔کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال پر، فوجی کمانڈر نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اس میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے اور سول انتظامیہ امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ بھارتی فوج کے شمالی کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے دعوی کیا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر کے سیکورٹی کے منظر نامے میں قابل دید بہتری آئی ہے اور اس وقت امن اور ترقی کے لیے کافی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ بھارتی فوج آزاد کشمیر پر قبضے کے لیے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔