سیلاب متاثرین کی امداد بھی ہڑپ کی جانے لگی ، جمعیت نظریاتی

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علما اسلام نظریاتی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا قاری مہراللہ، جنرل سیکرٹری حاجی حبیب اللہ صافی، حاجی عبیداللہ حقانی آغا، ابراہیم شاہ، مولانا اللہ بخش ،مولانا محمدابراہیم ،نادر خان اچکزئی، حاجی محمد نور اخونذادہ، حاجی فیض اللہ اخونذادہ، مولوی صالح محمد نے کہاہے کہ ملک کو کرپٹ لوگوں نے تباہی سے دوچار کیا یہاں تک کہ اب سیلاب متاثرین کی امداد بھی ہڑپ ہونے لگی ہے ملک کا ہر ادارہ کرپشن کی وجہ سے تباہ ہے، نیب میں ہزاروں کرپشن اور فراڈ کیسز پڑے ہوئے ہیں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے خزانے پر چوروں اور لٹیروں کا ٹولہ قابض ہے، ماضی میں ایک دوسرے پر کیسز بنانے والے آج نااہلی کے ڈر سے ایک دوسرے کے کیسز پر پردہ ڈال رہے ہیں، کرپشن اور بدعنوانی ملک کے لیے ناسور ہے، کرپٹ مافیاز کی کرپشن سے آج بھی ملک معاشی عدم استحکام، مہنگائی معاشی بدحالی کا شکار ہے ،کرپشن، بدعنوانی پر مبنی نظام ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے ۔موجودہ نیب کے نظام کرپشن کے خاتمہ کی بجائے اسے عملا طاقت فراہم کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کردیاہے۔ ملک میں بحرانوں کے تسلسل کی بنیاد کرپشن ہے، ملک میں جاری بحران اور قرض کےی باعث کرپشن ہے۔