تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دیا جائے،سینیٹرعبدالقادر

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (پ ر ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پٹرولیم وریسورسز سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ عالمی منڈی اور پوری دنیا خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہورہی ہے لیکن پاکستان میں اس کمی کا فائدہ عوام کو تاحال نہیں مل رہا۔ گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 86 اور 87 ڈالر تھیں اور اس وقت ان کی قیمت 75 اور 76 ڈالر ہوگئی ہے۔ جس میں تقریباً 11 ڈالر تک کی کمی ہوئی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ حکومت عوام کو منتقل نہیں کررہی جو حکومت کی عوام دوست پالیسی نہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے ای سی سی میں فیصلہ کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات 37 روپے سے زیادہ لیوی نہیں لی جائے گی لیکن حکومت اب فی لیٹر 50 روپے سے زیادہ لیوی لے رہی ہے حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا موزانہ پلیٹس سے کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو بھر پور ریلیف دینا چاہئے۔ اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ پہنچایا تو تو ملک میں جاری مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو جینا دوبھر کردیا ہے۔ اگر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ پہنچایا گیا تو ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی اور پہلے سے پریشان عوام کی مشکلات مزید اضافہ ہوگا۔