اے این پی نے مسلم باغ ضلع کے نوٹیفیکیشن میں تاخیر سے متعلق عدالت سے رجوع کر لیا

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی نے مسلم باغ کو ضلع بنانے کے نوٹیفکیشن میں تاخیر اور اس میں رکاوٹوں سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کردی، یہ آئینی پٹیشن عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی، رکن اسمبلی شاہینہ کاکڑ اور ضلع قلعہ سیف اللہ کے صدر عبدالمالک کاکڑ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔ آئینی پٹیشن امجد خان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ مسلم باغ کو ضلع بنانے کے حوالے بلوچستان اسمبلی قرار داد پاس کرچکی ہے اور اس کے زیادہ تر پراسس بھی مکمل ہوچکےہیں مگر اس کے باوجود مسلم باغ ضلع کے نوٹی فیکشن کے اجراء میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اس کا نوٹس لےاور متعلقہ حکام کو طلب کرکے مسلم باغ ضلع کا نوٹی فیکشن جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔اس موقع پر اے این پی ہرنائی کے صدر ولی داد میانی اور لسبیلہ صدر لالا منان افغان بھی موجود تھے۔