عوام کو کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک پہنچانے کے مشن پر کاربند ہیں ، زمرک اچکزئی

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ (خ ن)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی بی ایف اے کانصب العین ہے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوروپی یونین کے فنڈڈ ʼʼGRASPʼʼ پراجیکٹ کے تحت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو فراہم کردہ ʼʼجدید فوڈ ٹیسٹنگ وینʼʼ حوالے کرنے کے موقع پر بات چیت میں کیا۔تقریب کے دوران پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی چابیاں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے حوالے کیں۔چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (پی اینڈ ڈی) حافظ عبدالباسط، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ) زاہد سلیم، سیکرٹری خوراک ایاز مندوخیل، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک اچکزئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے آئی ٹی سی، یورپین یونین کی جانب سے فراہم کردہ تکنیکی معاونت سے ہمیشہ ادارے کو خاطر خواہ مدد ملی ہے،اس سے قبل GRASP پراجیکٹ کے تحت بی ایف اے آفیسران کیلئے مختلف Capacity Building Trainings منعقد کرائی گئیں،اتھارٹی کے آفیسران کو میٹ سیفٹی، ملک سیفٹی اور سلاٹر ہاؤس مینجمنٹ سمیت مختلف امور پر ٹریننگ دی گئی جس سے یقینا ان کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی میں ایک اور موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا اضافہ انتہائی خوش آئند ہے، موبائل لیب کے ذریعے مختلف کھانے پینے کی اشیاء کوکنگ آئل، دودھ،مصالحہ جات، مشروبات اور پانی کی کوالٹی اور ان میں ممکنہ ملاوٹ کو موقع پر چیک کیا جاسکے گا۔صوبائی وزیر کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی شہریوں کو کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک پہچانے کے مشن پر کاربند ہے اور اس ضمن میں اشیاء خوردونوش کے کاروبار کی فوڈ سیفٹی قوانین کے عین مطابق اصلاح کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے شعبوں میں تکنیکی معاونت کی فراہمی پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ GRASP پراجیکٹ کے تحت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی فراہمی پر ہم یورپین یونین کا کے مشکور ہیں،امید ہے آئی ٹی سی یورپین یونین مستقبل میں بھی بلوچستان فوڈ اتھارٹی سمیت مختلف اداروں کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔