فوج کیخلاف بولنے والے سیاست دانوں کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے ،سنی علماء کونسل

24 نومبر ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سنی علماء کونسل کے صوبائی صدر رمضان مینگل نے کہا ہے کہ سیاست اور تعمیری اختلافات جمہوریت کا حسن ہے مگر بعض عاقبت نااندیشن سیاستدانوں نے کرسی کی خاطر ملک کی بقاء اور سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے ، ملکی اداروں پر بےبنیاد تنقید سے اجتناب کیا جائے یہ وقت الزام تراشیوں کا نہیں مل بیٹھنے کا ہے ، جب فوج اور ملک کے دیگرکے ادارئے مضبوط ہوں گے تو عوام اور ملک محفوظ ہوگا ،جو سیاستدان ملک اور فوج کے خلاف بولتے ہیں سپریم کورٹ انہیں تاحیات نااہل قرار اور سخت سزا دے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں استحکام پاکستان پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پرعبدالرحیم ساجد ، مولانا غلام غوث حقانی ، مولانا مقبول الرحمٰن شاہ ، قاری ارشد ہاشمی ، آصف مینگل ، شکیل احمد ، قاری سلیم ، فضل احمد صدیقی ، حق نواز سراہی اور قاری محمد اسلم سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر سیاسی کشمکش کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل رہا ہے ویسے تو سیاست اور تعمیری اختلافات جمہوریت کا حسن ہے مگر بعض عاقبت نااندیشن سیاست دانوں نے کرسی کی خاطر ملک کی بقاء اور سالمیت کو داؤ پر لگادیا ہے ، مفادات اور کرسی کے نشے میں مملکت پاکستان کی مقتدرہ قوتوں و اداروں حتیٰ کہ پاک فوج کے خلاف زہر اگلتے ہیں جس سے ملک کی معیثت تباہ اور سالمیت کو خطرہ لاحق ہوسکتی ہے ، سنی علماء کونسل بلوچستان ملک کی محب وطن ، پرامن مذہبی جماعت ہے جو ایسے گھناؤنی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ مملکت خداداد جو پہلے سے سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے ، کمرتوڑ مہنگائی کی وجہ سے عوام نان شبینہ کے محتاج ہیں انہیں مہنگائی کے دلدل سے نکالنے کیلئے باہمی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے نہ کہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کےلیے سادہ لوح عوام کو گمراہ کریں ، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور ملک کی بقاء و سالمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے اداروں اور پاک فوج کے خلاف بولنے سے اجتناب کریں ۔انہوں نے کہا کہ سنی علماء کونسل بلوچستان سپریم کورٹ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ جو سیاست دان ملک اور فوج کے خلاف بولتے ہیں انہیں تاحیات نااہل قرار دے کر سخت سے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی اداروں پر بے بنیاد تنقید سے اجتناب کیا جائے یہ وقت الزم تراشیوں کا نہیں مل بیٹھنے کا ہے ، افواج پاکستان اور ملکی سلامتی کے سب اداروں نے بے شمار قربانیاں اور جانوں کے نذرانے دے کر ملک اور قوم کی حفاظت کی ہے ہر مشکل گھڑی میں خواہ وہ دہشت گردی ہو سیلاب ہو یا زلزلہ ہمیشہ فوج نے ملک اور قوم کو سنبھالاہے۔