فیفا ورلڈ کپ، سعودیہ کا اپ سیٹ

اداریہ
24 نومبر ، 2022
فٹ بال دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سر فہرست ہے جس کا فیفا ورلڈ کپ ان دنوں قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری ہے۔ کھیلوں کے مقابلے دنیا میں ہوتے رہتے ہیں جن میں ایک ٹیم جیتتی اور ایک ہارتی ہے مگر منگل کو ہونے والے مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں 51ویں نمبر کی ٹیم سعودی عرب نے دو بار کی عالمی چمپئن ارجنٹائن کو ہرا کر دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا اور فٹ بال کے مقابلوں کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ 36 مقابلوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ یہ مقابلہ بھی جیت جاتی تو وہ اٹلی کا ریکارڈ برابر کر دیتی جو 37مقابلوں میں فاتح رہی ہے اسے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر میسی کی خدمات بھی حاصل ہیں جس نے میچ شروع ہوتے ہی پلنٹی کارنر پر گول کر کے ارجنٹائن کو سبقت دلا دی مگر سعودی کھلاڑیوں صالح الشہیری اور سالم الدو ساری نے دوسرے ہاف میں دو گول کر کے سعودی عرب کو ناقابل یقین فتح دلا دی۔ عرب ممالک میں اس کامیابی کا جشن منایا جارہا ہے اور سعودی بادشاہ سلمان نے شاہی فرمان کے ذریعے ملک میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے چنانچہ بدھ کو سعودی عرب کے نجی وسرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں چھٹی رہی اور پوری قوم جیت کی خوشی منا رہی ہے۔ سعودی ٹیم کی یہ کامیابی کھلاڑیوں کی ٹیم سپرٹ اور فتح کیلئے لگن کا نتیجہ ہے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دنیا کے کئی سربراہوں نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد پیش کی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی طرح سعودی عرب کو بھی کوئی خاص مقام حاصل نہیں ہے۔ دوحا مقابلے کے نتیجے کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان بھی ، جس کا قومی کھیل ہاکی ہے مگر عدم توجہی کے باعث زوال کا شکار ہے، کوشش کرے تو فٹ بال میں اپنی شناخت پیدا کر سکتا ہے ۔ سعودی منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے فٹ بال میں غیر معمولی فتح حاصل کی۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998