سیاسی ڈائری، دشمن پاکستان کی سر زمین کو امن کا گہوارہ نہیں دیکھنا چاہتے

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان کے دشمن اس کی سر زمین کو امن وآشتی کا گہوارہ نہیں دیکھنا چاہتے،حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ کمزور دلیل نہیں، نامعلوم مقاصد کے حصول کی خاطر تحریک انصاف کے احتجاج اوردھرنے میں دودن باقی رہ گئے ہیں کہ وزارت داخلہ نے ٹھوس معلومات کی بنیاد پر اس روح فرسا خدشے کا اظہارکیا ہے کہ اس اجتماع پر خودکش حملہ ہو سکتا ہے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں اس احتجاجی اکٹھ پر دہشت گردانہ حملہ کر سکتی ہیں اس سلسلے میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کو بھی مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کارروائی کا اندیشہ ہے عوامی اجتماعات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ عوامی اجتماعات میں خودکش باہم حملہ بھی ہو سکتا ہے۔ وزارت داخلہ کے جاری کردہ مراسلے میں تحریک انصاف کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر راولپنڈی کے اپنے عوامی اجتماع کو مؤخر کردے۔ اس امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتاکہ تحریک انصاف اس سرکاری انتباہ کو نظرانداز کردے گی وجہ صاف ظاہر ہے کہ وہ اسے حکومتی ہتھکنڈہ قراردے گی کہ وہ اس کے احتجاج کورکوانے کیلئے اسے خوفزدہ کرنے کی خواہاں ہے۔ حکومت کی جانب سے کھلے بندوں ایسے شواہد پیش نہیں کئے گئے جو اس خدشے کی بنیاد ہیں۔