نینڈرتھل کھانے پینے کے شوقین اور کھاناپکانا جانتے تھے، 70؍ ہزار سال قبلپکائی گئی خوراک کے ٹکڑے دریافت

24 نومبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) اگر آپ سمجھتے تھے کہ لاکھوں سال قبل کے انسان ’’نینڈرتھل‘‘ جنگلی خوراک، کچے گوشت، پتوں یا پھر بیریز سے اپنی بھوک مٹاتے تھے تو آپ غلط ہیں۔ ماہرین کو شمالی عراق کے ایک غار سے قدیم خوراک کے کچھ ٹکڑے اور ذرات ملے ہیں جس کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا ہے کہ یہ خوراک پکا کر کھائی گئی تھی۔ اس دریافت سے یہ شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں کہ نینڈر تھل نامی انسانی نسل اصل میں خوش خوراک اور کھانے پینے کی شوقین نسل تھی۔ لیورپوُل جان موُرز یونیورسٹی کے پروفیسر کرس ہنٹ کا کہنا ہے کہ ہماری دریافت کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نینڈرتھل پیچیدہ نوعیت کے کھانے پکاتے تھے اور اس سے اُس دور میں خوراک کے وسیع کلچر کی نشاندہی ہوتی ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق، کرس ہنٹ اور اُن کی ٹیم نے دریافت کی گئی خوراک کے نمونوں کا جائزہ لے کر ویسی ہی خوراک تیار کرنے کی کوشش کی۔