پرتگال، انسانی اسمگلنگ،منی لانڈرنگ کے الزام میں35افراد گرفتار

24 نومبر ، 2022

لزبن (اے ایف پی) پرتگال میں حکام نے انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور جعلی دستاویزات رکھنے کے الزام میں 35 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، یہ اعلان بدھ کے روز مقامی پولیس نے کیا،پرتگالی حکام نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کا شکار ہونے والے درجنوں افراد کا تعلق الجزائر، بھارت، مالدووا، مراکش، پاکستان، رومانیا اور سینیگال سے ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان ایک جرائم پیشہ گروپ کا حصہ ہیں جو تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک سے فارمز میں کام کے مواقعوں کا بتا کر انہیں بھلا پھسلا کر النتیجو کے خطے میں لے آتے ہیں۔ ملزمان میں پرتگال سمیت یورپ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین دونوں شامل ہیں جن کی عمریں 22 برس سے لیکر 58 برس تک ہے۔ پولیس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ تارکین وطن انتہائی غیر انسانی صورتحال میں کام کرنے پر مجبور ہیں، انہیں انتہائی کم تنخواہ دی جاتی ہے اور خستہ حال مکانوں میں رہائش پذیر ہیں۔ پولیس ذریعہ نے مزید بتایا کہ ان افراد کی نقل وحرکت بھی انتہائی محدود رکھی جاتی ہے کیوں کہ ان کی شناختی دستاویزات ضبط کرلئے جاتے ہیں۔