یوکرین جنگ میں کامیابی کیلئے پراعتماد ہیں، روس

24 نومبر ، 2022

یروان (اے ایف پی) روس کے صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین جنگ میں کامیابی کیلئے پراعتماد ہیں، بدھ کے روز یوکرین پر روسی بمباری کے نتیجے میں سابق سوویت ریاست کا توانائی نظام تباہ ہوکر رہا گیا ہے، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوچکے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ رواں موسم سرما کے دوران یوکرین کی ترجیح اپنی بقا پر مرکوز ہوگی۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے دورہ آرمینیا کے موقع پر کہا ہے کہ مستقبل کیلئے اسپیشل آپریشن کی کامیابی میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پیسکوف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہمراہ ارمینیا کے دارالحکومت یراوان پہنچے ہیں۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کریں گے۔ ادھر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارو نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ماسکو مخالف قرارداد کی منظوری پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ان کی تجویز ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کو بیوقوفی کو فروغ دینے والی پارلیمںٹ قرار دیا جائے۔ دریں اثناء یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کے مختلف علاقوں پر 70 کے قریب کروز میزائلوں سے حملہ کیا جبکہ اس دوران ڈرون حملوں سے بھی بمباری کی گئی۔ روسی بمباری کے نتیجے میں یوکرین کے پڑوسی ملک مالدووا میں بھی اندھیرا چھاگیا جس کا انحصار یوکرین سے ملنے والی بجلی پر ہوتا ہے۔