جرمنی کے میوزیم سے قبل از مسیح کے نادر سکے چوری

24 نومبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) جرمنی کے ایک میوزیم سے قبل از مسیح کے نادر اور نایاب سکے چوری ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن پولیس نے بتایا کہ جنوبی جرمنی کے میوزیم میں رکھے گئے بڑی تعداد کے قدیم سکے چوری ہوگئے۔ بواریا سٹیٹ کی پولیس کے مطابق قدیم سکے میونخ سے 60 کلومیٹر دور شمال میں واقع منچنگ کے ’سیلٹک اینڈ رومن میوزیم‘ سے منگل کی صبح چوری کیے گئے۔ چوری ہونے والے 483 سکے منچنگ میں کھدائی کے دوران 1999 میں دریافت ہوئے تھے۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سکوں کی قیمت کروڑوں یورو ہے۔ بواریا صوبے کے وزیربرائے سائنس اینڈ آرٹس مارکوس بلوم کا کہنا ہے کہ سیلٹک دور کے خزانے کا نقصان ایک تباہی ہے۔