اسکاٹ لینڈ علیحدگی کیلئے ریفرنڈم کی اجازت برطانوی پارلیمنٹ سے لے، عدالت

24 نومبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کی اعلیٰ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسکاٹش حکومت برطانوی پارلیمان کی منظوری کے بغیر علیحدگی کے لیے دوسرے ریفرنڈم کا انعقاد نہیں کرسکتی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالتی حکم سے قوم پرستوں کو اگلے برس رائے شماری کرانے کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔آزادی کی حامی اور اسکاٹش نیشنل پارٹی (ایس این پی) کی رہنما اور اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نیکولا اسٹرجیون نے رواں برس کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے برس اکتوبر میں علیحدگی کے حوالے سے مشاورتی ووٹ کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن یہ قانونی اور عالمی طور پر تسلیم شدہ ہونا چاہیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ کی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر یہ نہیں کر سکتیں۔