بھارتی عدالت نے یاسین ملک کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے

24 نومبر ، 2022

سری نگر(کے پی آئی) جموں میں انسداد دہشت گردی کی بھارتی عدالت نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو22 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کیخلاف 30سال قبل بھارتی فضائیہ کے 4 اہلکاروں کے قتل کے مقدمے کی دوبارہ سماعت شروع ہوگئی ہے۔ سی بی آئی کی پراسیکیوٹر مونیکا کوہلی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ عدالت نے یاسین ملک کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں۔ بدھ کے روز عدالت میں یاسین ملک کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ویڈیو لنک کے زریعے پیش کیا گیا، 2020 میں عدالت میں یاسین ملک اور دیگر چھ افراد کے خلاف 1990میں بھارتی ائر فورس کے چار اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔