ڈیرہ غازی خان میں مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے احکامات

24 نومبر ، 2022

سخی سرور(نامہ نگار ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ صفائی، سیوریج اور میونسپل سروسز کے معاملات کا جائزہ لیا، اہل علاقہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ سرکاری رقبہ کو پارکس میں تبدیل کرنے اور مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے بھی احکامات جاری کئے۔ کمشنر نے اربن یونین کونسل نمبر10،5 ،3اور 17کے مختلف مقامات،بہاری کالونی،نیو ماڈل ٹاون، بلاک45،46اور سبزی منڈی ڈسپوزل ورکس کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل میں افسران اور محکموں کی عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ذمہ داریاں ایک دوسرے پر عائد کرنے کی روش ترک کی جائے۔ صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلاحی تنظیموں کے تعاون سے مزید فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے بھانہ جات کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔کارپوریشن کی حدود میں نقشہ منظور کرائے بغیر تعمیراتی کام نہیں کرنے دینگے۔ کمیونٹی ویلفئیر کمیٹیاں شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر اے سی صدر شکیب سرور،سی او کارپوریشن جواد الحسن گوندل، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد احمد، ایس ای پبلک ہیلتھ شعیب فیاض، ذیشان فرید، محمد افضل جتوئی اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔