خصوصی بچوں کو فعال شہری بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے، ڈپٹی کمشنر

24 نومبر ، 2022

لودھراں (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر بابر رحمٰن وڑائچ نے کہا ہے کہ خصوصی ہمارے بچے معاشرے کا اہم ترین جزو ہیں، خصوصی بچوں کو فعال شہری بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اساتذہ تعلیم کے ساتھ  خصوصی بچوں کو ہنر بھی سیکھائیں تاکہ وہ خود مختار زندگی بسر کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لودھراں میں قائم گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹر کے معائنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بابر نے بچوں کو مختلف مضامین پڑھائے اور ان سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے سوالات بھی کیے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ محکمانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ عظیم قومی  فریضہ انجام دے رہے ہیں جس کی اللہ تعالیٰ کی نظر میں بہت قدر اور اہمیت ہے، انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں زیر تعلیم بچوں کواساتذہ اپنے بچوں کی طرح سمجھیں اور ان کی تعلیم و تربیت اسی طرز پر کریں جس طرز پر وہ اپنے بچوں کی چاہتے ہیں۔