پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ، مارکیٹ کمیٹی اہلکاروں کی موجودگی میں نیلامی کی ہدایت

24 نومبر ، 2022

لودھراں (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ازوبا عظیم نے سبزی و فروٹ منڈی لودھراں کا دورہ کیا، انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی، قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے آڑھتیوں کو ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کے اہلکاروں کی موجودگی میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی یقینی بنائی جائے ، بغیر نیلامی کسی چیز کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے، جو آڑھتی بغیر نیلامی فروخت کرے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس کا سامان بھی ضبط کر لیا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام دکانداروں کو واضح کیا کہ مارکیٹ کمیٹی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں، بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سلاٹر ہاؤس لودھراں کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے سلاٹر ہاؤس میں صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ کیا، انہوں نے سلاٹر ہاؤس کے اتنظامی افسران کو تاکید کی کے صفائی ستھرائی کا خصوصی طور کیا خیال رکھا جائے۔