ضلعی انتظامیہ کوکریانہ سٹورز کی رجسٹریشن میں کرداراداکرنیکی ہدایت

24 نومبر ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ)چیئر پرسن احساس راشن پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور چیف سیکر ٹری کی سربراہی میں پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس ہوا۔ احساس راشن پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بھی کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے میں ضلعی انتظامیہ مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں آٹھ ملین مستحق افراد مستفید ہو سکیں گے۔ احساس راشن پروگرام کے ذریعے ایک خاندان کو دو ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ احساس راشن پروگرام کے ذریعے آٹا دال گھی اور تیل چالیس فیصد رعایت پر دستیاب ہوں گے۔ چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہر یونین کونسل اور مین بازار میں راشن رعایت پروگرام میں دکانوں کو رجسٹر کریں اور اس کے لئے انجمن تاجران کے ساتھ میٹنگز کریں اور دکانوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔